پاکستان میں دس سال سے زائد کے عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی جس میں عابد علی اور بابر اعظم نے سنچریاں اسکور کر کے راولپنڈی ٹیسٹ کو اپنے لیے مزید یادگار بنا لیا۔ عابد علی 109 اور بابر اعظم 102 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یاد رہے یہ بابر اعظم کے ٹیسٹ کیریئر کی تیسری سنچری تھی۔ بابر اعظم نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ آسٹریلیا پر میری جو فارم لگی تھی اسی کو یہاں بھی جاری رکھا، میری یہی کوشش تھی کہ جب باری آئے تو جتنا لمبا کھیلوں اتنا اچھا ہے اور آخری سیشن میں تھوڑا تیز کھیلا تو سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوا۔ انہوں نے عابد علی کی سنچری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ نائنٹیز میں بیٹنگ کر رہے تھے تو تھوڑا نروس تھے لیکن میں نے ان کا اعتماد بڑھایا اور ان کی سنچری کا بہت مزہ آیا۔