ٹیسٹ کرکٹ میں کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر آئے تو اس کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ وکٹ پر طویل قیام کرے تاہم عابد علی سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں منفرد پلان لے کر میدان میں اترے۔ عابد علی نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اننگز کی ابتداء میں کوشش یہی تھی کہ گیند پرانی کی جائے اس کے بعد میں نے پانچم پانچ اوورز کی پلاننگ کی کہ کون سے پانچ اوورز میں کتنے رنز کرنے ہیں۔ اوپننگ بیٹسمین نے کہا کہ بابر اعظم وکٹ پر کافی حوصلہ افزائی کر رہے تھے جس کا مجھے بہت فائدہ ہوا۔ عابد علی نے مزید کہا کہ کوشش یہی تھی کہ ٹیسٹ کرکٹ میں موقع ملا ہے تو اس کا بھرپور فائدہ اٹھاؤں اور اللہ نے اس کوشش میں کامیاب کیا۔ عابد علی نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنی بیٹی کے نام کیا۔