پاکستان ٹیم کے سرفہرست بیٹسمین بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں بھی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے راولپنڈی ٹیسٹ میں شاندار سنچری اسکور کی۔ میچ کے بعد رمیز راجہ کو انٹرویو دیتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ میں ابتداء میں ٹیسٹ کرکٹ میں مکمل ناکام ہو رہا تھا پھر میں نے خود کی حوصلہ افزائی کی کہ اگر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں پرفارم کر سکتا ہوں تو ٹیسٹ میں بھی کر سکتا ہوں اس لیے میں نے پہلے سے زیادہ محنت کی۔ بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں تین نمبر سے چھ نمبر تک بیٹنگ کر چکے ہیں۔ رمیز راجہ نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے سے متعلق سوال کیا تو بابر اعظم نے کہا کہ وہ اس نمبر بیٹنگ نہیں کرنا چاہتے، چوتھا نمبر ہی ان کے لیے ٹھیک ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر چار پر سب سے زیادہ کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے 61 اور تیسرے نمبر پر صرف 23 کی اوسط سے رنز اسکور کیے ہیں۔