پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں زیادہ کرکٹ نہیں ہو سکی مگر ہمیں اس میچ میں کافی مثبت چیزیں نظر آئیں۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فاسٹ بولرز نے اس میچ میں دورہ آسٹریلیا کے برعکس بہت اچھی بولنگ کی جبکہ بیٹسمینوں نے بھی رنز اسکور کیے، عابد علی اور بابر اعظم کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
اظہر علی نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کی بھرپور تیاری کریں گے، امید ہے کراچی میں ٹیسٹ میچ مکمل ہو گا اور ہم میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔
اپنی فارم کے حوالے سے اظہر علی نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ میں آؤٹ آف فارم ہوں، بلے پر گیند ٹھیک آ رہی ہے مگر نا جانے کیوں سیٹ ہو کر وکٹ گنوا رہا ہوں، جلد از جلد اپنی فارم کو رنز میں بدلنے کی کوشش کروں گا۔
دوسری جانب سری لنکن ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونارتنے بھی اپنی پرفارمنس سے مطمئین نظر آئے اور انہوں نے کہا دوسرے ٹیسٹ میں مزید بہتر پرفارمنس دے کر جیتنے کی کوشش کریں گے۔