نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولر کی فٹنس اچھی ہو اور اسپیڈ تیز ہو تو عمر معنی نہیں رکھتی۔ نسیم شاہ نے کہا کہ قومی ٹیم میں آنے کیلئے بڑی محنت کی ہے، جب بھی موقع ملے گا کوشش کروں گا کہ اچھا پرفارم کروں۔
ایک سوال پر نسیم شاہ نے کہا کہ کوشش کروں گا شعیب اختر کی تیز ترین گیند کا ریکارڈ توڑ کر اپنے نام کروں۔ انہوں نے کہا کہ فٹنس اچھی ہے اور میرے پاس اسپیڈ بھی ہے، اپنی لائن اور لینتھ پر کام کر رہا ہوں۔
نسیم شاہ نے مزید کہا کہ فٹنس اچھی ہو گی تو رفتار میں مزید اضافہ ہو گا۔ یاد رہے نسیم شاہ نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی اوور میں چھ میں سے چار گیندیں 145 کلو میٹر فی گھنٹہ کی زائد رفتار سے کرائی تھیں۔