پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والا تاریخی ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا جس کے بعد دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں کراچی پہنچ چکی ہیں اور نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کر رہی ہیں۔
سری لنکن ٹیم فاسٹ باؤلر سرنگا لکمل کے بغیر دورہ پاکستان پر پہنچی تھی کیونکہ وہ ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے تھے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل مہمان ٹیم کو ایک اور نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
پنڈی ٹیسٹ کھیلنے والے فاسٹ باؤلر کسون راجیتھا انجری کا شکار ہو کر دوسرے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ کسون راجیتھا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں صرف چھ اوورز کرائے تھے جبکہ وہ شان مسعود کی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے کسی متبادل کھلاڑی کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کراچی ٹیسٹ کا آغاز 19 دسمبر سے ہو گا۔