سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونارتنے نے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا تاہم وہ اب ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔ اس حوالے سے جب پریس کانفرنس میں دیموتھ کرونا رتنے سے سوال ہوا تو انھوں نے اپنے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دیموتھ کرونا رتنے نے کہا کہ ون ڈے سیریز کے لیے فیصلہ کرنا بہت مشکل ہورہا تھا اور کچھ کھلاڑی بھی پاکستان نہیں آرہے تھے اس لیے اس وقت تحفظات تھے تاہم اب تمام تحفظات دور ہوچکے ہیں۔ دیموتھ کرونا رتنے نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے لیے بہت محفوظ ملک ہے اور دیگر ٹیموں کو اب پاکستان آکر کھیلنا چاہیے ہم یہاں کرکٹ کے ساتھ ساتھ گھوم پھر بھی رہے ہیں اور ہم اس دورے کو کافی انجوائے کررہے ہیں۔