بیٹسمینوں کی مسلسل ناکامی کے باعث پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا کے بعد پاکستان میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ کپتان اظہر علی کے ساتھ بیٹسمین حارث سہیل بھی مسلسل ناکامی سے دوچار ہیں۔ برسبین ٹیسٹ میں حارث سہیل کو موقع ملا مگر وہ ایک اور آٹھ رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کراچی ٹیسٹ میں 9 رنز بناکر آؤٹ ہونے والے حارث سہیل مسلسل پانچویں اننگز میں ناکام ہوئے ہیں۔ ان کی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ خطرے میں نظر آ رہی ہے۔ حارث سہیل کو آسٹریلیا میں ٹاپ آرڈر میں موقع ملا مگر کراچی ٹیسٹ میں انھیں چھٹے نمبر پر کھلانا بھی کام نہ آیا۔ سری لنکا کے بعد بنگلادیش کے خلاف پاکستان کی ٹیسٹ سیریز شیڈول ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ حارث سہیل ٹیم میں جگہ برقرار رکھ پاتے ہیں یا پھر طویل انتظار کرنے والے فواد عالم پلئینگ الیون میں کھیلتے نظر آئیں گے۔