یاسر شاہ کافی عرصے تک پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ٹاپ پرفارمر بنے ہوئے تھے اور ان کی جادوئی بولنگ کے باعث پاکستان نے کئی ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کی۔ گزشتہ کچھ عرصے سے یاسر شاہ خراب فارم کا شکار ہیں۔ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان جہاں سری لنکا کے اسپن بولرز وکٹیں لیتے ہوئے نظر آئے وہیں یاسر شاہ کو کوئی وکٹ نہیں ملی۔ یاسر شاہ نے 11 اوورز میں 43 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔ گزشتہ چھ اننگز میں یاسر شاہ صرف 5 وکٹیں حاصل کرسکے ہیں۔ برسبین ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے 205 رنز دے کر 4 وکٹیں لی تھیں اور اس کے بعد ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بغیر وکٹ کے 197 رنز دیے تھے۔ پاکستان کی جانب سے 200 سے زائد ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے یاسر شاہ کو مشتاق احمد نے بھی این سی اے میں ٹریننگ دی تھی مگر اس کے باوجود بولنگ میں کچھ زیادہ فرق نہیں آیا۔ کرکٹ ماہرین کا خیال ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں یاسر شاہ کا متبادل تیار کرنے کی ضرورت ہے۔