Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی دکھا کر بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے 476 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم نسیم شاہ کی فاسٹ باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
نسیم شاہ نے 31 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین باؤلنگ ثابت ہوئی۔ انہوں نے کوشال مینڈس، دنیش چندیمل، دلرووان پریرا، لستھ ایمبلڈینیا اور وشوا فرنینڈو کو پویلین واپسی کا راستہ دکھایا۔
اس بہترین باؤلنگ کے ساتھ نسیم شاہ ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے سب سے کم عمر فاسٹ باؤلر بن گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ 16 سال اور 307 دن کی عمر میں انجام دیا۔
ان سے قبل یہ ریکارڈ محمد عامر کے پاس تھا جنہوں نے 17 سال 257 دن کی عمر میں آسٹریلیا کے خلاف میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر پانچ شکار کیے تھے۔