پاکستان کے نوجوان باصلاحیت بیٹسمین بابر اعظم کا موازنہ اکثر بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے کیا جاتا ہے جس پر وہ کئی دفعہ کہہ چکے ہیں کہ ویرات کوہلی نے بہت کرکٹ کھیل لی ہے، میں ابھی ان کے قریب بھی نہیں ہوں البتہ میں انہیں بطور کھلاڑی پسند ضرور کرتا ہوں۔ حال ہی میں بابر اعظم نے اپنے ایک بیان انکشاف کیا ہے کہ ہمیشہ سے ان کے فیورٹ کرکٹر ساؤتھ افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ تمام تر توجہ مجھ پر ہونے کے باوجود میں پریشر نہیں لیتا۔ نوجوان بیٹسمین کا کہنا تھا کہ اگر میری کوئی ذمہ داری ہے تو اس حوالے سے میں اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتا ہوں اور اس پر توجہ دیتا ہوں اور باقی تمام چیزیں ایک طرف رکھ دیتا ہوں۔ یاد رہے بابر اعظم نے رواں سال کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 2082 رنز اسکور کیے ہیں۔ وہ 2019 کے تیسرے کامیاب ترین بیٹسمیں ہیں۔ اس فہرست میں ویرات کوہلی پہلے اور روہت شرما دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔