Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ میں لوگوں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے 2019 میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز کیا جو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والی ایشیز سیریز سے شروع ہوئی۔ ٹیسٹ چیمپئن کی افتتاحی سیریز میں ہی شائقین کو دلچسپ میچز دیکھنے کو ملے لیکن ہیڈنگلے میں کھیلے جانے والا ٹیسٹ میچ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ہیڈنگلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلوی ٹیم 179 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تو میزبان ٹیم پہلی اننگز میں صرف 67 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے 246 رنز بنائے اور انگلینڈ کو کامیابی کے لیے 359 رنز کا ہدف ملا۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں لیکن انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس ڈٹے رہے اور انھوں نے 135 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے کامیابی دلائی۔
اس کے علاوہ اگر 2019 میں ایک اور بہترین ٹیسٹ میچ کی بات کی جائے تو یقیناََ وہ ساؤتھ افریقہ اور سری لنکا کے درمیان ڈربن کے میدان پر کھیلے جانے والا ٹیسٹ میچ ہو گا۔ اس میچ کی پہلی اننگز میں ساؤتھ افریقہ کی ٹیم 235 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جبکہ سری لنکن ٹیم نے پہلی اننگز میں 191 رنز اسکور کیے۔
دوسری اننگز میں ایک مرتبہ پھر میزبان ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور 259 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ سری لنکا کو میچ میں فتح کے لیے 304 رنز کا ہدف ملا۔ سری لنکا کی نو وکٹیں 226 رنز پر گر چکی تھیں، کریز پر کوشال پریرا اور وشوا فرنینڈو موجود تھے۔
ساؤتھ افریقہ کی فتح یقینی نظر آ رہی تھی لیکن کوشال پریرا کے عزائم کچھ اور ہی تھے۔ انھوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین اننگز (*153) کھیل کر سری لنکا کو ناقابل یقین فتح دلائی اور وشوا فرنینڈو نے بھی ان کا ساتھ خوب نبھایا۔
اس کے بعد سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی ساؤتھ افریقہ کو شکست دے کر 0-2 سے سیریز اپنے نام کی۔ یہ ٹیسٹ سیریز سری لنکا کے لیے یادگار ثابت ہوئی کیونکہ وہ پہلی ایشین ٹیم تھی جس نے ساؤتھ افریقہ کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دی ہو۔