Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

پاکستان کرکٹ ٹیم کی 2019 میں کارکردگی جائزہ لیا جائے تو قومی ٹیم کی پرفارمنس انتہائی مایوس کن رہی۔ شاہینوں نے 2019 کا آغاز ساؤتھ افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے کیا جس میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی ٹیم نے 2019 میں صرف تین ٹیسٹ سیریز کھیلیں جس میں سے دو میں شکست ہوئی جبکہ ایک میں کامیابی ملی۔ پاکستان نے مجموعی طور پر صرف چھ ٹیسٹ میچز کھیلے، ایک میں فتح نصیب ہوئی جبکہ چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایک میچ ڈرا رہا۔
رواں سال شاہینوں نے چار ون ڈے سیریز کھیلیں جس میں سے صرف ایک سیریز میں ہی قومی ٹیم کو کامیابی ملی جبکہ ساؤتھ افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو شکست ہوئی۔ قومی ٹیم نے ورلڈکپ میں بھی شرکت کی جہاں اس کا سفر روبن راؤنڈ سے آگے نہ جا سکا۔ پاکستان نے رواں سال مجموعی طور پر 27 ون ڈے میچز کھیلے اور صرف نو میں فتح نصیب ہوئی۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان نے آخری چھ ایک روزہ میچوں میں کامیابی اپنے نام کی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کی نمبرون پاکستان ٹیم کو 2019 کے دوران اس فارمیٹ میں بھی شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی ٹیم ساؤتھ افریقہ کے ہاتھوں 1-2 کی شکست سے دوچار ہوئی جبکہ انگلینڈ کے خلاف واحد میچ میں سرفراز الیون کو شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔ پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ شکست ہوئی۔ سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے بھی ہاتھ دھونا پڑا۔
سرفراز احمد کے بعد بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا جن کا پہلا امتحان آسٹریلیا کے خلاف سیریز تھی اور قومی ٹیم اس میں بری طرح ناکام ہو گئی۔ سرفراز احمد کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی کمان اظہر علی کے سپرد کی گئی، آسٹریلیا کے خلاف مایوس کن کارکردگی کے بعد سری لنکا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں اظہر الیون فتح سے ہمکنار ہوئی۔
پاکستان ٹیم 2019 کا اختتام ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن کے ساتھ کرے گی جبکہ ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم چھٹے اور ٹیسٹ ریکنگ میں پاکستان ساتویں نمبر پر موجود ہے۔