Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو آئندہ سال دورہ پاکستان کرنا ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز اور دو ٹیسٹ میچز شیڈول ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ آئندہ سے تمام ہوم سیریز ملکی سرزمین پر ہی کھیلی جائیں گی اور جو ملک یہاں آ کر کھیلنے سے انکار کرے گا اسے ٹھوس وجوہات پیش کرنا ہوں گی۔
بی سی بی کے صدر ناظم الحسن نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ ان کا غیرملکی کوچنگ اسٹاف زیادہ دنوں تک پاکستان میں قیام کرنے کے لیے تیار نہیں ہے جبکہ چند کھلاڑی بھی ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بھی اس وقت دورہ پاکستان کرے گی جب وہ اچھی ٹیم بنانے میں کامیاب ہوں گے ورنہ دورہ پاکستان کسی صورت ممکن نہیں ہو سکتا۔
یاد رہے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی منظورشدہ سیکیورٹی کمپنی لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی کو بین الاقوامی میچز کے انعقاد کے لیے محفوظ قرار دے چکی ہے۔
اسی وجہ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا اگلا ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں کروایا جا رہا ہے جس میں ڈیل اسٹین، جیسن روئے، شین واٹسن، ڈیرن سیمی، لیوک رونکی، کولن منرو، کرس لین، کولن انگرام، کیرون پولارڈ، ٹام بیٹن اور معین علی سمیت کئی غیرملکی کرکٹرز شرکت کریں گے۔