آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ میں پاکستانی بولر حارث رؤف نے اپنی شاندار فارم سے دھوم سے دھوم مچا کر رکھ دی تھی مگر حارث رؤف کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب میلبرن اسٹارز نے ڈیل اسٹین کی واپسی کے بعد حارث رؤف کو قربانی کا بکرا بنا کر ٹیم سے باہر کر دیا جس پر لیجنڈری فاسٹ بولر ڈیل اسٹین بھی بول پڑے۔
ڈیل اسٹین نے حارث رؤف سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حارث رؤف زبردست فارم میں ہیں اور ان کو ٹیم سے باہر کرنے پر وہ بےحد افسردہ محسوس کر رہے ہیں۔ ساؤتھ افریقی بولر نے مزید کہا کہ حارث رؤف ٹیم کا حصہ تو نہیں مگر انہیں یہاں بہت کچھ سیکھنے کو بھی ملے گا۔
ڈیل اسٹین کا کہنا ہے کہ لوگوں نے مجھ سے بگ بیش لیگ میں بڑی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں اور میں ان کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔
واضح رہے کہ بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرنے والے حارث رؤف نے صرف دو میچوں میں ہی سات کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جس میں ہوبارٹ ہریکینز کے خلاف ان کی پانچ وکٹیں بھی شامل ہیں۔