قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں سنٹرل پنجاب نے ناردرن کی ٹیم کو باآسانی شکست دے کر کامیابی اپنے نام کی۔ شکست کے بعد ناردرن کے کوچ محمد وسیم کا کہنا تھا کہ شکست سے مایوسی ہوئی ہے لیکن ٹورنامنٹ میں ہم نے بہت بہترین پرفارم کیا۔ محمد وسیم نے کہا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ٹیم کو فائنل میں شکست ہوئی لیکن بطور کوچ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں جبکہ ایونٹ میں نوجوان کھلاڑیوں نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔ محمد وسیم کے مطابق سینٹرل پنجاب کی ٹیم زیادہ تجربے کار تھی۔ انہوں نے کہا کہ شکست سے سبق سیکھا ہے، ٹیم کی خامیوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے اور اگلے سیزن میں مزید مضبوط ٹیم بنائیں گے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے نظام کے حوالے سے محمد وسیم کا کہنا تھا کہ نئے سسٹم میں یہ پہلا سیزن کھیلا گیا ہے، مستقبل میں ڈومیسٹک کرکٹ میں مزید بہتری نظر آئے گی۔