قائد اعظم ٹرافی فائنل میں شاندار ڈبل سنچری اسکور کر کے سینٹرل پنجاب کو کامیابی دلانے والے عمر اکمل لاہور پہنچتے ہی کلب کرکٹ کھیلنے کے لئے میدان میں پہنچ گئے۔ اسٹار بلے باز نے او ٹی سی لاہور چیلنج کپ میں مغلپورہ اسپورٹس کلب کے خلاف میچ میں اپنے کلب کرکٹ سینٹر کی ٹیم کی قیادت کی۔ عمر اکمل نے کرکٹ کا معیار بہتر بنانے کے لئے کلب اور سکول کی سطح پر زیادہ سے زیادہ مقابلوں کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے پی ایس ایل کے مکمل پاکستان میں انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ بیٹسمین نے کہا کہ سب سے پہلے کرکٹ بورڈ اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو کرکٹ واپس پاکستان میں لائے۔ انھوں نے کہا کہ اپنے کراؤنڈ کے سامنے کھیلنے میں بہت مزہ آتا ہے اور فخر محسوس ہوتا ہے۔ عمر اکمل اپنی فارم کے حوالے سے بھی خوش نظر آئے اور کہا کہ قائد اعظم ٹرافی بہت اچھی گزری، آگے بھی اسی طرح کی پرفارمنس جاری رکھنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔