پاکستان اور بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے درمیان سیریز کے حوالے سے اب بھی بات چیت جاری ہے اور ایک دو روز میں بریک تھرو کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں ترجیحی بنیادوں پر ٹیسٹ میچز کرانا چاہتا ہے اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سامنے بھی یہی مؤقف اپنایا ہوا ہے۔ پی سی بی کا مؤقف ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میچز کسی بھی وقت کھیلے جا سکتے ہیں، ہمارا اصل ہدف ٹیسٹ میچز ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ایک ٹیسٹ میچ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز شامل کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے بعد ایک ٹیسٹ میچ بنگلہ دیش میں ہونے والی سیریز میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت مکمل ہونے کے بعد سیریز کا حتمی شیڈول جاری کیا جائے گا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں صرف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کر رکھی ہے۔