پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ برس ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کو تبدیل کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی اس میں بہتری کا بھی عزم ظاہر کیا۔ پہلے سیزن کے اختتام کے بعد اب دوسرے سیزن کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں شروع ہوچکی ہیں۔ پی سی بی کا اگلا ہدف ملک کے مختلف سینٹرز کی پچز کو بہتر بنانا ہے۔
اس سلسلے میں کرکٹ پچز کو معیاری بنانے کیلئے غیرملکی ماہر اور شہرت یافتہ کیوریٹر اینڈی اٹکنسن کراچی، ملتان، راولپنڈی اور لاہور سینٹرز کا دورہ کریں گے۔ دنیا کے صف اول کے پچ ماہر اور آئی سی سی کے پچ کنسلٹنٹ اینڈی اٹکنسن کراچی پہنچ گئے ہیں۔
اینڈی اٹکنسن موجودہ پچز کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو تفصیلی رپورٹ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق اینڈی اٹکنسن دو دن کراچی، ایک، ایک دن ملتان اور راولپنڈی اور تین دن پی سی بی ہیڈ کوارٹر لاہور میں گزاریں گے۔