Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

‏سینٹرل کنٹریکٹ والے قومی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آئندہ ہفتے ہوں گے۔ فٹنس ٹیسٹ کا چوتھا مرحلہ 6 اور 7 جنوری کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہو گا۔ سرفراز احمد کو بھی فٹنس ٹیسٹ کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق فٹنس ٹیسٹ سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ ہیں تاہم بنگلہ دیش پریمیر لیگ میں مصروف محمد عامر، وہاب ریاض اور شاداب خان کے فٹنس ٹیسٹ 20 اور 21 جنوری کو لیے جائیں گے۔
کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کی نگرانی قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ یاسر ملک کریں گے۔ ہر کھلاڑی کا فٹنس ٹیسٹ پانچ حصوں پر مشتمل ہو گا جس میں فیٹ اینالسز، اسٹرینتھ، اینڈیورنس، اسپیڈ اینڈیورنس اور کراس فٹ شامل ہیں۔
ٹیسٹ کے دوران مطلوبہ معیار حاصل نہ کرنے والے کھلاڑی پر ماہانہ آمدن کا 15 فیصد جرمانہ عائد ہو گا جو فٹنس کے معیار پر پورا اترنے تک جاری رہے گا۔
فٹنس ٹیسٹ میں بار بار ناکامی کے باعث کھلاڑیوں کی سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگری میں تنزلی بھی کی جا سکتی ہے۔ گزشتہ ماہ تمام کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا تھا۔