آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ میچ کو چار دن تک محدود کرنے کی تجویز کو مسلسل مخالفت کا سامنا ہے اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے بھی واضح الفاظ میں اس کی مخالفت کر دی ہے۔ ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ ٹیسٹ میچز میں تبدیلی کے حوالے سے ڈے نائٹ ٹیسٹ کافی ہے۔
انھوں نے کہا اگر چار روزہ ٹیسٹ کا فیصلہ محض اعدادوشمار اور تفریح کیلئے لیا جا رہا ہے تو درست نہیں ہے۔ بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ آج چار روزہ ٹیسٹ میچ کی بات ہو رہی ہے، کل کو تین روزہ ٹیسٹ میچ کی تجویز سامنے آ گئی تو کیا کریں گے۔
ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ اس قسم کا کوئی فیصلہ طویل دورانیے کی کرکٹ کے لیے سودمند ثابت نہیں ہو گا۔ بھارتی ٹیم کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر نے بھی چار روزہ ٹیسٹ میچ کی مخالفت کرتے ہوئے اس تجویز کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔