نیوزی لینڈ کے بیٹسمین روس ٹیلر سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار تو نہ کرا سکے مگر کیویز کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔ آسٹریلیا کے خلاف روس ٹیلر پہلی اننگز میں 22 اور دوسری اننگز میں بھی اتنے ہی رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔
اسی کے ساتھ انھوں نے سابق کیوی کپتان اسٹیفن فلیمنگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ 1994 سے 2008 تک نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے اسٹیفن فلیمنگ نے 111 ٹیسٹ میچز میں 9 سنچریوں اور 46 نصف سنچریوں کی مدد سے 7172 رنز اسکور کیے تھے۔
روس ٹیلر صرف 99 ٹیسٹ میچز میں ہی 7174 رنز تک پہنچ گئے۔ ان کے ٹیسٹ کیریئر میں 19 سنچریاں اور 33 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
ون ڈے کرکٹ میں بھی نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز روس ٹیلر کو حاصل ہے جو اب تک 228 میچوں میں 8376 رنز بناچکے ہیں۔