بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت سڈنی تھنڈر کو شکست دے دی۔ بارش کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 8 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ برسبین ہیٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹام بینٹن کی برق رفتار اننگز کی بدولت 8 اوورز میں 119 رنز بنائے۔
ٹام بینٹن نے دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 گیندوں پر سات چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ بگ بیش لیگ میں یہ دوسری تیزترین نصف سنچری ہے۔ اوپننگ بیٹسمین نے 19 گیندوں پر 56 رنز اسکور کیے تھے۔
ٹوم بینٹون نے اسپنر ارجن نائر کے خلاف پانچ گیندوں پر مسلسل پانچ چھکے مار کر اپنی نصف سنچری مکمل کی تھی۔ بگ بیش لیگ میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے 12 گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سڈنی تھنڈر کی ٹیم نے 5.5 اوورز میں 60 رنز بنائے تھے۔ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت برسبین ہیٹ کو 16 رنز سے فتح ملی۔ یاد رہے ٹام بینٹن پی ایس ایل فائیو میں پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔