پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین جاوید میانداد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دنیائے کرکٹ پاکستان اور بھارت کو باہمی سیریز کھیلتے دیکھنا چاہتی ہے۔ جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے ایک مکمل کرکٹ سیریز کے انعقاد کی ضرورت ہے جبکہ دونوں ممالک اس سیریز سے بھاری مالی فائدہ بھی ہو گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری سیریز دسمبر 2012 سے جنوری 2013 تک بھارت میں کھیلی گئی۔ پاکستان نے اس دورہ بھارت پر دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے اور یہ سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔ تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں پاکستان نے 1-2 سے فتح حاصل کی تھی۔ یاد رہے دونوں ٹیمیں آئی سی سی اور ایشیائی ایونٹس میں ایک دوسرے سے کھیلتے رہی ہیں۔