پاکستان سپر لیگ کا اگلا ایڈیشن پہلی مرتبہ مکمل طور پر پاکستان میں ہونے جا رہا ہے۔ ملک کے چار شہروں میں میچز کا انعقاد کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شائقین کرکٹ کی پی ایس ایل فائیو میں دلچسپی بڑھانے کیلئے ’’فین پارکس‘‘ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایونٹ میں شریک تمام 6 ٹیموں کے فین پارکس بنائے جائیں گے جہاں شائقین کیلئے بڑی اسکرینز لگائی جائیں گی جس سے فینز اسٹیڈیم جیسے ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
پی ایس ایل کی ایک فرنچائز نے اس حوالے سے کہا ہے کہ فین پارکس ان شہروں میں لگانے کی کوشش کی جائے جہاں پر پی ایس ایل کے میچز نہیں ہو رہے ہیں۔
یاد رہے گزشتہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈکپ میں ’’فین زونز‘‘ میں شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد آتی تھی۔ پی سی بی کو یقین ہے کہ پاکستان میں بھی ایسا ہی ہو گا۔