انگلینڈ کی کاؤنٹی ٹیم سمرسیٹ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے اسٹار بیٹسمین بابر اعظم رواں سال ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ اور کاؤنٹی چیمپئن شپ کے دو میچز کے لیے کلب کو دوبارہ جوائن کریں گے۔ بابر اعظم کا 28 مئی سے 3 جولائی تک کے لیے سمرسیٹ کاؤنٹی کرکٹ کلب سے معاہدہ ہوا۔
انھوں نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے گزشتہ ایڈیشن میں بھی سمرسیٹ کی نمائندگی کی۔ بابر اعظم نے 52.54 کی اوسط کے ساتھ 578 رنز اسکور کیے تھے جس میں ان کا بہترین اسکور *102 تھا۔ ایونٹ میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 149.35 کا رہا تھا۔
بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ 2019 میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں اسکور کیں۔ پاکستانی بیٹسمین نے ٹورنامنٹ میں 60 چوکے اور 14 چھکے بھی لگائے۔
یاد رہے بابر اعظم بیٹسمینوں کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں اور انٹرنینشل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیزترین ایک ہزار رنز بنانے کا اعزاز ان کے پاس ہے۔