کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ آئی سی سی کی چار روزہ ٹیسٹ میچ کروانے کی تجویز کی مکمل حمایت کرے گا لیکن ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے اپنے ہی بورڈ کی مخالفت کر دی۔ ساؤتھ افریقی کپتان کا کہنا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کے بڑے پرستار ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس فارمیٹ کی خوبصورتی پانچ دن پر مشتمل کھیل میں ہی ہے۔
فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ چار روزہ ٹیسٹ میچ کی مخالفت ان کی ذاتی رائے ہے، ان کا کرکٹ بورڈ آئی سی سی کی اس تجویز سے متفق ہے اور اس کے پیچھے ضرور کوئی ٹھوس وجہ ہو گی۔
انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں ٹیسٹ میچ کے زیادہ تر نتائج چوتھے روز ہی آ جاتے ہیں اس لیے میچ کے آخری اور پانچویں دن کھیل ہو نہیں پاتا جس سے پیسے کا ضیاع ہوتا ہے اور کراؤڈ بھی میچ دیکھنے نہیں آتا جس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔