پاکستان کے ابھرتے ہوئے فاسٹ باؤلر حارث رؤف آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں میلبرن اسٹارز کی جانب سے کھیلتے ہوئے مسلسل شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ وہ چار میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جس میں ان کی بہترین باؤلنگ 27 رنز کی عوض پانچ وکٹیں تھیں جو انھوں نے ہوبارٹ ہریکینز کے خلاف کی تھی۔
حارث رؤف نے بی بی ایل میں سڈنی تھنڈر کے خلاف ہیٹ ٹرک بھی بنائی۔ وہ بی بی ایل میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی باؤلر ہیں۔ شاندار کارکردگی کی بدولت ان کی قومی ٹیم میں شمولیت کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ حارث رؤف محنت جاری رکھو، میں مستقبل قریب میں تمہارے ساتھ کام کرنے کے لیے بیتاب ہوں۔