بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ روی شاستری نے پیشگوئی کی ہے کہ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی جلد ون ڈے کرکٹ سے بھی الگ ہو جائیں گے تا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کریئر پر توجہ دے سکیں۔ مہندر سنگھ دھونی نے بھارت کی جانب سے آخری میچ ورلڈکپ 2019 میں نیوزی لیںڈ کے خلاف کھیلا تھا جو میگا ایونٹ کا سیمی فائنل تھا اور میچ میں بھارتی ٹیم شکست سے دوچار ہوئی تھی۔
روی شاستری نے کہا کہ مہندر سنگھ دھونی آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں حصہ لے سکتے ہیں لیکن اس کا انحصار انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں ان کی کارکردگی پر ہے۔ انھوں نے کہا کہ میری دھونی سے بات ہوئی ہے اور یہ ابھی صرف ہم دونوں کے درمیان ہے۔ یاد رہے مہندر سنگھ دھونی ٹیسٹ کرکٹ سے پہلے ہی الگ ہو چکے ہیں۔