بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے سالانہ ایوارڈز کی تقریب اتوار کو ممبئی میں ہوئی جس میں بہترین پرفارمنس دینے والے پلیئرز کو اعزازات سے نوازا گیا۔ بھارتی کرکٹ کے سب سے بڑے ایوارڈ پولی امریگر یعنی سال کے بہترین کھلاڑی جسپریت بمراہ قرار پائے۔ ویمن کرکٹ کا سب سے بڑا ایوارڈ پونم یادیو کو دیا گیا۔
گزشتہ برس ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ایوارڈ چتیشور پجارا اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ایوارڈ جسپریت بمراہ کے نام رہا۔ مینز کرکٹ میں بہترین ڈیبیو کا ایوارڈ ماینک اگروال جبکہ ویمن کرکٹ میں یہی ایوارڈ شفالی ورما لے اڑیں۔
کرس سری کانتھ اور ویمن کرکٹر انجم چوپڑا کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی اس سال کوئی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پرفارمرز کو بھی ایوارڈز دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔