Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی سیکیورٹی کو مشرق وسطیٰ کی صورت حال سے جوڑ کر پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ بھی ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کے مؤقف پر ڈٹ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دورہ پاکستان کے حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان میں صرف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا فیصلہ ہوا۔
بی سی بی کے صدر ناظم الحسن نے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر دورے سے پہلے حکومت کی اجازت لی جاتی ہے، ہم نے مکمل سیریز کا شیڈول حکومت اور ایجنسیوں کو بھجوایا جنھوں نے جواب دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے اس لیے پاکستان کا دورہ جتنا مختصر ہو اتنا ہی بہتر ہے۔
انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے لیے بعد میں بھی پاکستان جایا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی اپنے مؤقف پر قائم ہے اور ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی چاہتا ہے۔ اگر بنگلہ دیش نے مکمل دورے پر آمادگی ظاہر نہیں کی تو دورہ منسوخ بھی ہو سکتا ہے اور پاکستان نقصان کے ہرجانے کے لیے آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی میں جا سکتا ہے۔