تجربہ کار قومی آل راؤنڈر شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں خوب مہارت رکھتے ہیں اور وہ بنگلہ دیش پریمیر لیگ میں بھی چھائے رہے اسی لیے خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ رواں سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم میں واپسی کر لیں گے۔ راجشاہی رائلز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی اسٹار کرکٹر شعیب ملک نے کھلنا ٹائیگرز کے خلاف بی پی ایل کے پہلے کوالیفائر میں شاندار 80 رنز کی اننگز کھیلی جس میں زبردست 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ اس شاندار کارکردگی کے باوجود شعیب ملک اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچانے میں ناکام رہے۔ کھلنا ٹائیگرز نے پہلے کوالیفائر میچ میں راجشاہی رائلز کو 27 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ پکی کر لی۔ بی پی ایل کے اس ایڈیشن میں آل راؤنڈر شعیب ملک نے 13 میچز کھیل کر 432 رنز بنائے جس میں 3 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پانچواں نمبر حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس سیزن میں شعیب ملک نے 40 چوکے اور 17 چھکے بھی لگائے۔ باؤلنگ کے شعبے میں شعیب ملک کو خاطرخواہ کامیابی نہیں ملی۔ انہوں نے 13 میچز میں صرف 5 کھلاڑیوں کو ہی ہی پویلین واپس بھیجا۔