نیوزی لیںڈ کرکٹ نے انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر کو گالیاں دینے والے 28 سالہ شخص کی انٹرنینشل اور ڈومیسٹک میچوں کے لیے اسٹیڈیمز میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ آکلینڈ سے تعلق رکھنے والے شخص نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے کہ اس نے جوفرا آرچر کو پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران گالیاں دی تھیں۔ انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر نے اس روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد واقعہ کو رپورٹ کیا تھا جبکہ ٹویٹر پر بھی اس حوالے سے ایک پوسٹ کی تھی۔ اس واقعہ کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ نے جوفرا آرچر سے معافی مانگ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ انھوں نے اس شخص سے رابطہ کر کے اسے 2022 تک پابندی سے متعلق آگاہ کیا تھا، اگر وہ پابندی کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اسے دوبارہ پولیس کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔