پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی 16 سالہ لیگ اسپنر عروب شاہ نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی شین وارن سے ملنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران عروب شاہ نے کہا کہ وہ شین وارن اور عبدالقادر کی بولنگ کی وڈیوز دیکھتے ہوئے بڑی ہوئیں اور خواہش ہے کہ اپنے پسندیدہ بولر شین وارن سے آسٹریلیا میں ملاقات کروں۔ عروب شاہ پرامید ہیں کہ وہ آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے منتخب ہو جائیں گی اور اسی دوران ان کا شین وارن سے ملنے کا خواب بھی پورا ہو جائے گا۔ لیگ اسپینر نے کہا کہ بدقسمتی سے عبدالقادر اب اس دنیا میں نہیں رہے ورنہ ان سے بھی ملاقات کرتی کیونکہ پاکستانی لیجنڈ کی ویڈیوز دیکھ کر بہت کچھ سیکھا ہے۔ عروب شاہ نے اب تک 2 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔