Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

ایشیز سیریز میں اسٹیو اسمتھ کی جگہ متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل ہونے والے مارنس لبوشین نے 2019 میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی دھاک بٹھا دی۔ مارنس لبوشین نے 11 ٹیسٹ میچز میں 1104 رنز بنا کر 2019 میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کے اس سفر میں 3 سنچریاں اور 7 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
مارنس لبوشین کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے انھیں آسٹریلیا کی ون ڈے ٹیم میں جگہ ملی اور اب انھیں آئی سی سی ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی مل گیا۔ آئی سی سی کو دیے گئے اپنے ایک مختصر انٹرویو میں مارنس لبوشین نے کہا کہ یہ ایوارڈ جیتنے پر انھیں بہت فخر ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ اپنی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں کیونکہ میری اس کامیابی میں پوری ٹیم کا ہاتھ ہے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین نے کہا کہ گزرا سال صرف میرے لیے نہیں پوری ٹیم کے لیے بہترین رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے زبردست کامیابیاں حاصل کیں خصوصا ایشیز سیریز اور ہوم سیزن ٹیم کے لیے بہت اچھا رہا۔ مارنس لبوشین اپنی پرفارمنس 2020 میں بھی اسی طرح جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔