Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

پاکستان کے معروف بلے باز بابر اعظم کا شمار ان کھلاڑیوں میں ہو رہا ہے جو تینوں طرز کی کرکٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور انھیں اپنی صلاحیتوں کا پھل بھی مل رہا ہے۔ بابر اعظم کو دوسری مرتبہ آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ان کو 2017 کی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں بھی شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
اس موقع پر بابراعظم نے پی سی بی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئی سی سی اور جیوری کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ان کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے اس اعزاز سے دوبارہ نوازا۔ انھوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کے بھی شکرگزار ہیں کیونکہ ان کی سپورٹ کے بغیر کچھ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔
بابر اعظم نے خواہش ظاہر کی کہ آئندہ سال مجھ سمیت دیگر پاکستانی کھلاڑی بھی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں شامل ہوں۔ انھوں نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ائیر 2019 میں جگہ بنانے پر ندا ڈار کو مبارکباد دی۔
یاد رہے کہ بابر اعظم نے 2019 میں 20 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 60.66 کی اوسط اور 92.30 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1092 رنز اسکور کیے جس میں 3 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔