آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں شکست کے بعد دوسرے میچ سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ریشب پانٹ دوسرے ون ڈے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پیٹ کمنز کی گیند ہیلمٹ پر لگنے کے باعث ریشب پانٹ انجرڈ ہو گئے تھے۔
تکلیف کے باعث وہ دوسری اننگز میں وکٹ کیپنگ کرنے کیلئے میدان میں نہیں آئے اور ان کی جگہ لوکیش راہول نے وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری انجام دی تھی۔ ریشب پانٹ کو پہلے ون ڈے میں گیند لگنے کے فوری بعد ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
وکٹ کیپر بیٹسمین کی تمام رپورٹس بہتر ہیں لیکن وہ مکمل فٹ نہیں ہیں اور میڈیکل اسٹاف نے انہیں آرام کی ہدایت دی ہے۔ ریشب پانٹ کو ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے مگر وہ بنگلور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریں گے۔