بنگلہ دیش ٹیم کے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین مشفیق الرحیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر منہاج العابدین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وکٹ کیپر بیٹسمین پاکستان کا دورہ نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ مشفیق الرحیم نے ان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے وہ پاکستان نہیں جانا چاہتے۔ منہاج العابدین نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ مشفیق الرحیم کی جانب سے ایک آفیشل لیٹر کا انتظار کر رہا ہے جس کے بعد انہیں بنگلہ دیش کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے پلان سے باہر کر دیا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مشفیق الرحیم کی عدم موجودگی سے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو بھاری نقصان پہنچے گا۔ تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین بنگلہ دیش پریمیر لیگ کے رواں سیزن میں 470 رنز اسکور کر کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔