Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

پاکستان انڈر-19 ٹیم کے ہیڈکوچ اعجاز احمد انڈر-19 ورلڈکپ میں اپنی ٹیم سے شاندار پرفارمنس کی امید رکھے ہوئے ہیں۔ ہیڈکوچ اعجاز احمد نے کہا کہ پہلے وارم اپ میچ میں نائیجیریا جیسی قدرے کمزور ٹیم سے مقابلہ ہوا، حریف ٹیم کو 109 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد قومی ٹیم کے بلے بازوں کو بھی زیادہ مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
اعجاز احمد نے کہا کہ انڈر-19 ورلڈکپ میں ان کا پہلا ہدف گروپ مرحلے میں ٹاپ کرنا ہے تا کہ ٹیم کوارٹر فائنل بھی پوٹ شیف اسٹروم میں کھیلے کیونکہ گروپ مرحلے کے اختتام پر دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو اپنا کوارٹرفائنل میچ جوہانسبرگ میں کھیلنا ہو گا، انہیں امید ہے کہ نوجوان کھلاڑی جلد پوٹ شیف اسٹروم کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قومی انڈر-19 اسکواڈ میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں۔ ان کے مطابق ساؤتھ افریقہ پہنچنے سے قبل تمام کھلاڑیوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقدہ طویل دورانیے کے تربیتی کیمپ میں شرکت کی، اب وقت آ گیا ہے کہ نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے ایک قدم آگے آئیں۔