ساؤتھ افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان جو روٹ کو آؤٹ کرنے کے بعد فاسٹ باؤلر کگیسو رباڈا نے جو روٹ کے نزدیک جا کر بہت جوشیلے انداز میں جشن منایا تھا لیکن ان کی یہ حرکت انہیں بھاری پڑ گئی ہے۔ کگیسو رباڈا کو 24 ماہ میں چار ڈی میرٹ پوائنٹس ملنے کی وجہ سے ایک ٹیسٹ میچ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ساؤتھ افریقی فاسٹ باؤلر انگلینڈ کے خلاف ہونے والے آخری ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے جو کہ 24 جنوری سے جوہانسبرگ میں شروع ہو گا۔ اس علاوہ کگیسو رباڈا کو میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
کگیسو رباڈا کو پہلا ڈی میرٹ پوائنٹ فروری 2018 میں بھارت کے خلاف پانچویں ون ڈے میچ میں دیا گیا تھا۔ انہیں دوسرا اور تیسرا ڈی میرٹ پوائنٹ مارچ 2018 میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران ملا تھا۔