پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق نے بنگلہ دیشی ٹیم کو آسان لینے کا امکان مسترد کر دیا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں کوئی ٹیم فیورٹ نہیں، جسے سیریز میں کامیابی حاصل کرنا ہے اسے محنت کرنا ہو گی کیونکہ بنگلہ دیش کے تمام کھلاڑی لیگ کرکٹ کھیل کر آ رہے ہیں اس لیے اچھی فارم میں ہوں گے۔ مصباح الحق نے بیٹسمینوں پر واضح کیا کہ اگر 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز اپنے نام کرنی ہے تو تگڑی بیٹنگ کرنا ہو گی۔ ٹیسٹ ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف کھیلنے والی ٹیسٹ ٹیم کو ہی برقرار رکھا ہے، ہم ٹیسٹ کرکٹ میں محمد رضوان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 24 جنوری سے شروع ہو گی۔