میری لیبون کرکٹ کلب کی ٹیم کا دورہ پاکستان فروری میں شیڈول ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے اپنی تیاری شروع کر کے حکمت عملی میں کچھ تبدیلی کی ہے۔ دورے کے شیڈول اور میچز کا حتمی اعلان تو ابھی نہیں کیا گیا لیکن ذرائع سے خبر سامنے آئی ہے کہ ایم سی سی کی ٹیم جونیئر ٹیموں کے میچز کے ساتھ پاکستان سپر لیگ کی کسی فرنچائز سے بھی میچ کھیلے گی۔
ایم سی سی کے ساتھ میچز لاہور میں ہوں گے اس لیے امکان ہے کہ ایک میچ لاہور قلندرز کے ساتھ رکھا جائے۔ اس حوالے سے ملتان سلطانز کے مشترکہ مالک علی ترین نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ملتان سے ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق ان میچز کے لیے پاکستان ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو قیادت سونپی جا سکتی ہے جبکہ ایم سی سی کی قیادت سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا کریں گے۔