انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ساؤتھ افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے دیا ہے۔ فاف ڈوپلیسی کا کہنا یے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ ہوم گراؤنڈ پر ان کا آخری ٹیسٹ میچ ہو سکتا ہے۔
ساؤتھ افریقی کپتان نے کہا کہ اس سیریز کے بعد جولائی میں ہمیں ویسٹ انڈیز میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں جس کے بعد ساؤتھ افریقہ کے رواں سال ٹیسٹ میچز شیڈول نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک ٹیم کی جانب سے کھیلوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کپتان وہ نہیں ہوتا جو مشکل وقت میں ٹیم کو چھوڑ دے البتہ ایک لیڈر کا کام مشکل وقت سے ٹیم کو نکالنا ہوتا ہے۔ فاف ڈوپلیسی نے مزید کہا کہ ٹیم کو میری ضرورت ہے اور اس وقت میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردوں یہ مناسب نہیں۔
کپتان نے کہا کہ اپنے کیریئر میں کئی مرتبہ دباؤ کا شکار رہا ہوں لیکن میں نے پریشر میں پرفارم بھی کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوری طور پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں تو یہ انتہائی غلط فیصلہ ہو گا۔
فاف ڈو پلیسی نے گزشتہ 12 ٹیسٹ اننگز میں 21.25 کی اوسط سے 255 رنز اسکور کیے ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شکست سے بچنے کیلئے ساؤتھ افریقہ کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں فتح درکار ہے۔