پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران ذہنی مسائل کی وجہ سے ٹیم سے الگ ہونے والے جارح مزاج بیٹسمین گلین میکسویل کی آسٹریلیا کی ٹیم میں واپسی مشکلات سے دوچار ہے۔ گلین میکسویل نے ذہنی مسائل سے چھٹکارا پا کر بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں واپسی کی جہاں وہ میلبرن اسٹارز کی قیادت کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
جارح مزاج بیٹسمین بی بی ایل کے رواں سیزن میں ابھی تک 68.20 کی اوسط سے 341 رنز بنا چکے ہیں جبکہ ان کی ٹیم نے بھی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ گلین میکسویل کی واپسی کے حوالے سے ایرون فنچ سے دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کم بیک کرنے کے لیے میکسویل کو زیادہ محنت کرنا ہو گی۔
گلین میکسویل کو بھارت کے خلاف ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل نہیں گیا اور ان کی جگہ ایشٹن ٹرنر کو موقع دیا گیا تھا جو غیرمعمولی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ یاد رہے ون ڈے سیریز میں بھارت نے 1-2 سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔