بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کے شیڈول میں تھوڑا ردو بدل ہوا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو کمرشل فلائٹ کے ذریعے 23 جنوری کو لاہور پہنچنا تھا لیکن اب ٹیم کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور لایا جا رہا ہے تا کہ کھلاڑی لمبی مسافت سے بچ سکیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم بدھ کی رات 10 بجے تک لاہور پہنچے گی۔
بی سی بی کے صدر نظم الحسن اور بنگلہ دیش کے سیکیورٹی اہلکار بھی پاکستان آئیں گے۔ بی سی بی کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہمیں پلان سے آگاہ کر دیا ہے لیکن ہمارا سیکیورٹی وفد بھی دورے کے دوران صورتحال پر نظر رکھے گا۔
بنگلہ دیش میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نظم الحسن نے کہا کہ کھلاڑیوں کے سامنے سیکیورٹی پر بات کرنا نہیں چاہتا، پلیئرز کو کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے، اگر سیکیورٹی کے بارے میں زیادہ سوچیں گے تو ان کی کارکردگی متاثر ہو گی۔