پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں محمود اللہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ محمود اللہ کا بنگلہ دیش میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سیریز میں پاکستان نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا، پاکستان کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اس کے باوجود مختصر فارمیٹ میں ان کی ٹیم بہت مضبوط ہے۔ آل راؤنڈر نے کہا کہ آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان نمبرون ٹی ٹوئنٹی ٹیم ہے جبکہ ہم 9ویں نمبر پر موجود ہیں لیکن بطور کپتان میں پرامید ہوں کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے کیونکہ حال ہی میں ہماری ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔