Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

انڈر-19 ورلڈکپ میں قومی ٹیم نے ایک اور شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ گزشتہ روز پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا جہاں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کے 3 بیٹسمین صرف 74 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے جس کے بعد فہد منیر، قاسم اکرم اور محمد حارث نے نصف سنچریاں اسکور کر کے پاکستان ٹیم کا اسکور 294 رنز تک پہنچایا۔
نوجوان بیٹسمین محمد حارث نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 48 گیندوں پر 81 رنز اسکور کیے تھے۔ جواب میں زمبابوے کی ٹیم نے بھی بہترین انداز میں ہدف کا تعاقب کیا۔ حریف ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین ویزلی مدھویر نے 53 رنز بنائے اور ملٹن شومبا 58 رنز بنا کر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔
ویزلی مدھویر اور ملٹن شومبا جب تک وکٹ پر موجود تھے میچ میں زمبابوے ٹیم کی پوزیشن بہت اچھی تھی لیکن دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی زمبابوے کی ٹیم 256 پر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان نے 38 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ طاہر حسین 3 وکٹیں لے کر قومی ٹیم کے سب سے کامیاب بولر رہے۔
میچ کے بہترین کھلاڑی 81 رنز کی اننگز کھیلنے والے محمد حارث رہے۔ محمد حارث نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتداء میں ہی وکٹیں گر گئیں تھی لیکن میں نے سوچا ہوا تھا کہ اٹیک کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ جو غلطیاں اس میچ میں ہوئی وہ دوبارہ نہیں دہرائیں گے۔