پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز کل سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہو گا۔ بنگلہ دیشی ٹیم شکیب الحسن، مشرفی مرتضیٰ اور مشفیق الرحیم جیسے تجربہ کار سینیئر کھلاڑیوں کے بغیر پاکستان پہنچی ہے۔ پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مہمان ٹیم کی قیادت محموداللہ ریاض کریں گے۔
مشفیق الرحیم نے دورہ پاکستان سے انکار کر دیا تھا جبکہ شکیب الحسن پابندی کا شکار ہیں اور مشرفی مرتضیٰ کو ناقص فارم کی وجہ سے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا لیکن انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ پاکستان جانے کے لیے تیار ہیں۔
سومیا سرکار نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان کے لیے سینیئر کھلاڑی موجود نہیں لیکن جونیئر کھلاڑی پوری کوشش کریں گے کہ اچھا پرفارم کریں۔ محمد مٹھن نے کہا کہ ہمیں اس وقت سیکیورٹی کی فکر نہیں، سب کی توجہ کرکٹ پر ہے۔