پاکستان ٹیم کے سینیئر کرکٹرز شعیب ملک اور محمد حفیظ کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک انٹرویو جاری کیا ہے جس میں دونوں کھلاڑی ایک دوسرے سے سوال پوچھ رہے ہیں۔ محمد حفیظ نے شعیب ملک سے پوچھا کہ لوگ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کو آپ کی کم بیک سیریز قرار دے رہے ہیں، کیا آپ کے خیال میں یہ آپ کا کم بیک ہے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں کم بیک اس وقت ہوتا ہے جب آپ واپس ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے جائیں۔ شعیب ملک نے حفیظ سے سوال کیا کہ آپ نے کیریئر میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھے، آپ کے خیال میں ہم نوجوان کھلاڑیوں کو کیسے گروم کر سکتے ہیں؟ انہوں نے جواب دیا کہ بطور سینیئر ہم جو اچھا کام کر سکتے ہیں وہ یہی ہے کہ ہم نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کریں۔ محمد حفیظ نے کہا کہ یہ کام صرف باتوں سے نہیں ہو سکتا بلکہ اس پر عمل کر کے دکھانا ہوتا ہے، ہم نے اپنے سینیئرز سے بہت کچھ سیکھا۔ محمد حفیظ نے عزم ظاہر کیا کہ ہم دونوں مل کر نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے گُر سکھائیں گے۔