انضمام الحق نے بنگلہ دیش کیخلاف 17 سال قبل کھیلے گئے یادگار ٹیسٹ میچ کی یادیں تازہ کیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں آؤٹ ہونے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا ذہن بنا چکا تھا۔
انضمام الحق نے بتایا کہ اس وقت ٹیم کے کپتان راشد لطیف تھے اور انہوں نے شبیر کی گیند پر سلپ میں بہترین کیچ پکڑا، راشد لطیف کی نظریں گیند پر نہیں تھیں تو وکٹ کیپر نے مجھ سے پوچھا کہ کیچ ہوا ہے یا نہیں، مجھے لگا کیچ ہو گیا ہے تو میں نے ہاں میں جواب دیا اور امپائر نے بھی آؤٹ دے دیا۔
سابق کپتان نے بتایا کہ اس روز کھیل ختم ہونے کے بعد جب ہم میچ ریفری کے کمرے میں گئے تو انہوں نے دکھایا کہ وہ کیچ درست نہیں تھا جس وجہ سے راشد لطیف پر پانچ میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی۔ انضمام الحق نے کہا کہ راشد لطیف پر پابندی لگنے کے بعد مجھے کپتان بنایا گیا اور پھر ریٹائرمنٹ تک میں ہی کپتان رہا۔